راولپنڈی تھانہ روات کی حدود میں خاندانی جھگڑے کے باعث اندوہناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنے بڑے بھائی اور دو سالہ بیٹے کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی گلبہار خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کا چھوٹا بھائی عاشق حسین راولپنڈی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا اور گزشتہ رات اپنے دو سالہ بیٹے عبدالاحد کے ہمراہ روات آیا۔ عاشق حسین نے بتایا کہ اس کی بیوی ناراض ہو کر میکے چلی گئی ہے۔
مدعی کے مطابق اسی دوران عاشق حسین نے اپنے بڑے بھائی شیر باز خان پر فائرنگ کردی اور ساتھ ہی اپنے معصوم دو سالہ بیٹے عبدالاحد کو بھی گولیوں کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی اور مقتول بھائی کے درمیان ناجائز تعلقات ہیں، اسی شک کی بنیاد پر اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ملزم کو جلد گرفتار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔