لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
میچ کے چوتھے دن کا آغاز جنوبی افریقا کے بیٹر ریان ریکلیٹن اور ٹونی ڈی ذوزی نے کیا لیکن ڈی ذوذی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں اضافہ کیے شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوگئے۔
اس کے بعد نعمان علی نے پہلے ٹریسٹن اسٹبز اور پھر ڈیوڈبریوس کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ ساجد خان نے جنوبی افریقا کے سیٹ بیٹر ریان ریکلیٹن کو 45 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔ شاہین شاہ آفریدی نے وریینی اور سبراین کو پویلین بھیجا جبکہ ساجد خان نے متھو سوامے کو شکار بنایا۔
یاد رہے کہ کھیل کے تیسرے روز جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں کھانے کے وقفے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 378 رنز کے جواب میں صرف 269 رنز اسکور کرسکی تھی۔
پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 109 رنز کی برتری سے کیا اور تیسرا دن مکمل بھی نہیں ہوا تھا کہ 167 پر آل آؤٹ ہوگئی اور یوں جنوبی افریقا کو جیت کے لیے صرف 277 رنز کا ہدف ملا۔
جنوبی افریقی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے تیسرے روز کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز اسکور کرچکی تھی۔ کپتان ایڈن مارکرم 3 اور ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔