پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی تاہم بدھ کے روز بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ختم ہونے سے ٹیم آخری پوزیشن پر برقرار رہی۔
میچ کے دوران انگلینڈ کی بیٹنگ کے دوران پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جس کے نتیجے میں انگلینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی۔ تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔
ڈی ایل ایس کے تحت پاکستان کو 31 اوورز میں 113 رنز کا ہدف دیا گیا۔ پاکستانی اوپنرز منیبہ علی اور امیمہ سہیل نے پراعتماد آغاز کرتے ہوئے بغیر نقصان کے 34 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم جیت کے قریب دکھائی دے رہی تھی کہ بارش نے کھیل ختم کر دیا۔
میچ بے نتیجہ ختم ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملا۔ اس کے نتیجے میں انگلینڈ کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی جبکہ پاکستان ٹیم بدستور آخری نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان کو اب ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا کے خلاف میچز کھیلنے ہیں جو ٹیم کے لیے نہایت اہم ہوں گے۔