پاکستان اور بھارت کے درمیان 5 اکتوبر کو کھیلا گیا آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا میچ خواتین کرکٹ کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا مقابلہ بن گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس میچ کو 28.4 ملین ناظرین نے براہِ راست دیکھا جب کہ مجموعی طور پر 1.87 بلین منٹس تک یہ میچ مختلف پلیٹ فارمز ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا پر دیکھا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق یہ میچ ورلڈ کپ 2025 کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ بھی قرار پایا جو اس بات کی علامت ہے کہ پاک بھارت کرکٹ مقابلوں کی مقبولیت اب بھی عروج پر ہے۔
یہ میچ بھارت کی ٹیم نے جیت لیا تھا اور وہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے جب کہ پاکستان کی خواتین ٹیم اس وقت ورلڈ کپ میں آخری پوزیشن پر موجود ہے تاہم اس کے پاس ابھی تین میچز باقی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق خواتین کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس ورلڈ کپ میں واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔ اب تک کے پہلے 11 میچز کو مجموعی طور پر 72 ملین ناظرین نے دیکھا جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
ویمنز ورلڈ کپ میں گزشتہ ٹورنامنٹ کے مقابلے میں 167 فیصد زیادہ ویورشپ ریکارڈ کی گئی ہے جو عالمی سطح پر خواتین کرکٹ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔