پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ کرکٹ محض کھیل نہیں بلکہ دوستی اور باہمی احترام کا پل ہے۔ انہوں نے یہ بات قومی ٹیسٹ ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
محسن نقوی نے اپنے خطاب میں اس یقین کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم ہمیشہ اپنی درخشاں روایات کی پاسداری کرے گی اور کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی دکھا کر قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔
چیئرمین پی سی بی نے نام لیے بغیر بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں باہمی احترام اور کھیل کی روح کو برقرار رکھنا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے ذریعے محبت، تعلق اور سفارتی احترام کے رشتے مضبوط ہوتے ہیں، تاہم کچھ ممالک نے کھیل کو سیاست کی نذر کر دیا۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جوش و جذبے سے کھیلیں کیونکہ پاکستانی عوام کو ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔محسن نقوی نے کہا ہماری ٹیم نے ہمیشہ دنیا کو دکھایا ہے کہ ہم کھیل کے میدان میں بھی عزت، محنت اور عزم سے اپنا مقام بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ساؤتھ افریقا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جس کے لیے قومی ٹیم نے بھرپور تیاری کر لی ہے۔