آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا اہم میچ بارش کی نذر ہونے کے خطرے سے دوچار ہو گیا ہے۔ کولمبو کے پریم داسا اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنائے تھے کہ اچانک بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا اور پچ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے منیبہ علی نے 22 رنز بنائے جبکہ عمیمہ سہیل 3 اور امین 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ بارش کے باعث میچ دوبارہ شروع ہونے کے امکانات کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہے اور میچ ریفری کی جانب سے فیصلہ بارش رکنے کے بعد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف پچھلا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا جس میں قومی خواتین ٹیم جیت کے قریب تھی۔ کولمبو میں رواں ورلڈ کپ کے دوران متعدد میچز بارش سے متاثر ہو چکے ہیں اور آج کا میچ بھی اسی خدشے سے دوچار ہے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اب تک چار میچز کھیل چکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہے۔ اس کے اگلے میچز جنوبی افریقا اور سری لنکا کے خلاف شیڈول ہیں، جن میں فتح قومی ٹیم کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔