وفاقی حکومت نے پاکستان کے نامور ایتھلیٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ اس معاملے پر غیر جانب دارانہ انکوائری کی جائے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے سلمان بٹ پر پابندی لگانے کا فیصلہ درست بنیادوں پر کیا یا اس کے پیچھے کوئی دیگر وجوہات کارفرما ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپورٹس بورڈ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تحقیقات جلد مکمل کر کے رپورٹ وزارت کو پیش کرے۔واضح رہے کہ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے چند روز قبل ایک حیران کن فیصلے میں سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔ فیڈریشن نے الزام عائد کیا تھا کہ سلمان بٹ نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے آئین کی خلاف ورزیاں کیں۔
دوسری جانب سلمان بٹ نے تمام الزامات کو بے بنیاد اور جانبدارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف غیر منصفانہ کارروائی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے اعلیٰ حکام اس فیصلے پر حیران ہیں اور یہ جاننے کے خواہاں ہیں کہ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے اتنا سخت قدم اٹھانے کی آخر وجوہات کیا ہیں۔