اے این ایف کا کریک ڈاؤن! 9 کروڑ کی منشیات پکڑی گئیں

image

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 کامیاب کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 1238.8 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت 9 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 4 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد کے علاقے کاک پل کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 3.719 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ لیاری کراچی میں ایک یونیورسٹی کے نزدیک ملزم سے 430 گرام چرس ملی۔ گرفتار افراد کے مطابق وہ منشیات تعلیمی اداروں کے طلباء کو فروخت کرتے تھے۔

ملتان ایئرپورٹ پر بحرین جانے والی خاتون کے سامان میں سموسہ مشین سے 1.971 کلوگرام آئس برآمد ہوئی،شاہراہ فیصل کراچی سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 750 گرام آئس،کراچی کوریئر آفس سےنیوزی لینڈ کے لیے تیار پارسل سے کپڑوں میں چھپائی گئی 1.2 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

کوٹ لکھپت لاہور سے فرانس بھیجے جانے والے پارسل سے 0.579 کلوگرام آئس اور 3200 ڈیازیپام گولیاں برآمد، ترکئی ٹول پلازہ اسلام آباد سے بجری سے بھرے ٹرک سے 11 کلوگرام چرس برآمد، 2 ملزمان کوگرفتار کیا گیا۔

پشین بس اڈہ پر دو گاڑیوں سے 6 کلو آئس اور 6 کلو چرس ضبط، 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ سنگجانی ٹول پلازہ سے 2 خواتین سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں خصوصاً طلباء کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، اور ملک بھر میں اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف مسلسل اقدامات جاری رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US