فیروز خان پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول اور صفِ اول کے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کی ذاتی زندگی بھی ہمیشہ خبروں کی زینت بنی رہتی ہے۔ شوبز میں آنے کے بعد سب سے پہلے ان کا نام سجل علی کے ساتھ جوڑا گیا لیکن دونوں کے راستے جلد ہی جدا ہو گئے۔ اس کے فوراً بعد فیروز خان نے اچانک شادی کر کے سب کو حیران کر دیا۔ ان کی پہلی اہلیہ سیدہ علیزہ سلطان شوبز سے تعلق نہیں رکھتی تھیں۔ یہ شادی کئی سال چلی لیکن پھر بدقسمتی سے تلخ الزامات اور تنازعات کے ساتھ ان کا رشتہ ختم ہوا اور طلاق ایک بڑے تنازع کی صورت میں سامنے آئی۔
پہلی شادی کے اختتام کے بعد فیروز خان نے ڈاکٹر زینب فیروز سے نکاح کیا، اور یہ جوڑی سوشل میڈیا پر اکثر اکٹھی نظر آتی تھی۔ دونوں کے ساتھ سفر کرنے کے ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوتی رہیں اور ڈاکٹر زینب کو فیروز کے بچوں کے ساتھ وقت گزارتے بھی دیکھا گیا۔ سب کچھ ٹھیک لگ رہا تھا، مگر اچانک فیروز خان نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک لمبا پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے زینب کے بارے میں ناراضی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے وہ پوسٹ ڈیلیٹ کر کے کہا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوا تھا۔
اب یہ معاملہ دوبارہ توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ سوشل میڈیا پیج’’شہاب حسین صدیقی بلاگز‘‘ نے ایک دعویٰ سامنے رکھا ہے کہ ڈاکٹر زینب کی جانب سے مبینہ طور پر انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی گئی جس میں انہوں نے فیروز خان سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ مبینہ اسٹوری کے مطابق ڈاکٹر زینب نے لکھا کہ وہ ایسے شخص کے ساتھ مزید زندگی نہیں گزار سکتیں جو ان پر اعتبار نہ کرے۔ ان کے مطابق فیروز خان کے رویے نے تمام اچھی یادوں پر سایہ ڈال دیا ہے اور وہ اس وقت پرائیویسی چاہتی ہیں۔ یہ پوسٹ کچھ دیر بعد ان کے اکاؤنٹ سے ہٹا دی گئی۔
دوسری طرف ڈاکٹر زینب نے اپنی اسٹوری میں مذکورہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ نہیں جانتیں کہ ان کی ایسی اسٹوری کے اسکرین شاٹس کیسے بنائے جارہے ہیں جو انھوں نے کبھی ڈالی ہی نہیں نہ ہی ان کے دوستوں میں سے کسی نے دیکھیں، برائے مہربانی جھوٹی افواہیں پھیلانے والے اکاؤنٹس کے خلاف رپورٹ کریں اور انھیں ان فالو کر دیں۔ ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔