پاکستان کی نوجوان ٹیم نے ہانگ کانگ سپر سکس ٹورنامنٹ اتوار کے دن فائنل میں کویت کو ہرا کر جیت لیا۔
جیت کے فوراً بعد بورڈ چیئرمین محسن نقوی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ٹیم حکام کو فائنل جیتنے کی مبارکباد دی۔ پاکستان نے چھٹی دفعہ سپر سکسس کا ٹائٹل جیتا ہے۔
آج کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف چھ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز کیے جس میں عبدالصمد 42، کپتان عباس آفریدی نے 52 اور خواجہ نافع نے 22 رنز کیے۔
عباس آفریدی نے 11 گیندوں پر سات چھکے اور دو چوکے لگائے جبکہ عبدالصمد نے بھی پانچ چھکے رسید کر دیے۔
کویت کی ٹیم پانچ ایک اوور میں 92 رنز پہ آل آؤٹ ہوگئی جس میں معاذ صداقت نے 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
کویت کی طرف سے اوپنرز عدنان ادریس آٹھ گیندوں پر 30 رنز اور میٹ بھاوسار 12 گیندوں پر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین نہیں چل پایا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہانگ کانگ سپر سکس کے لیے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھیجی تھی اور اس ٹورنامنٹ میں بھارت، ساؤتھ افریقہ، آسٹریلیا کے علاوہ دوسری ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔