فیفا نے آن لائن بدسلوکی کے خلاف کارروائی تیز کردی

image

فیفا نے بین الاقوامی یومِ برداشت کے موقع پر واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ فٹبال میں نفرت، تعصب اور آن لائن بدسلوکی کی کوئی جگہ نہیں۔

عالمی گورننگ باڈی نے کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور ٹیموں کو آن لائن ہراسانی سے بچانے کے لیے اپنے سوشل میڈیا پروٹیکشن سروس (ایس ایم پی ایس) کو مزید مضبوط بنا دیا ہے، جس کے ذریعے صرف رواں سال 30 ہزار سے زائد نفرت انگیز یا توہین آمیز پوسٹس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو رپورٹ کی گئیں، جبکہ 2022 سے اب تک یہ تعداد 65 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

فیفا کے مطابق 2025 کے دوران اب تک سات مختلف ممالک، ارجنٹینا، برازیل، فرانس، پولینڈ، اسپین، برطانیہ اور امریکا میں آن لائن بدسلوکی میں ملوث 11 افراد کو عالمی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا گیا ہے جبکہ ایک کیس انٹرپول کو بھی بھیجا گیا۔

متعلقہ فیفا ممبر ایسوسی ایشنز کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے تاکہ وہ مقامی سطح پر ضروری اقدامات کریں۔فیفا نے اعلان کیا کہ شدید بدسلوکی میں ملوث تمام شناخت شدہ افراد کو بلیک لسٹ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد وہ مستقبل میں کسی بھی فیفا ٹورنامنٹ یا ایونٹ کے ٹکٹس نہیں خرید سکیں گے۔

ایس ایم پی ایس سروس رواں سال کئی بڑے ایونٹس میں فعال رہی، جن میں امریکہ میں منعقد ہونے والا افتتاحی فیفا کلب ورلڈ کپ بھی شامل ہے، جہاں 32 ٹیموں اور 72 قومیتوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکانٹس پر چوبیس گھنٹے نگرانی جاری رہی۔

اس ٹورنامنٹ کے دوران5.9 ملین پوسٹس کا تجزیہ کیا گیا۔1,79,517 پوسٹس کو مشکوک قرار دے کر فلیگ کیا گیا۔20,587 پوسٹس متعلقہ پلیٹ فارمز کو رپورٹ کی گئیں۔ پانچ بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 2,401 فعال اکانٹس کی نگرانی کی گئی۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ بین الاقوامی یومِ برداشت کے موقع پر میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ فٹبال میدان، اسٹیڈیم یا آن لائن ہر جگہ محفوظ اور جامع ہونا چاہیے۔ ایس ایم پی ایس کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی مہارت کو بروئے کار لا کر فیفا کھلاڑیوں، کوچز، ٹیموں اور آفیشلز کو آن لائن بدسلوکی کے سنگین نقصانات سے بچانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کر رہا ہے۔

ہمارا پیغام صاف ہے کہ بدسلوکی کی کوئی جگہ نہیں، اور ہم ایسے افراد کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔انہوں نے کہا کہ فیفا ممبر ایسوسی ایشنز، کنفیڈریشنز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ایسے عناصر کو جوابدہ بنایا جا رہا ہے۔

فیفا کا کہنا تھا کہ آن لائن نفرت اور دھمکی آمیز رویے نے کھیل اور سماج دونوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ فیفا اس رویے کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی پر قائم ہے۔ بدسلوکی میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کرنا اور انہیں مستقبل کے ایونٹس سے دور رکھنا ہمارے حفاظتی اقدامات کا اہم حصہ ہے۔ ہم تمام پلیئرز اور آفیشلز کو ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

فیفا نے ایک بار پھر اعادہ کیا ہے کہ فٹبال محبت، احترام اور برداشت کا کھیل ہے، اور اس کھیل سے منسلک ہر فرد کی عزت و تحفظ فیفا کی اولین ترجیح ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US