گوادر کے قریب ڈولفن کا ایک بڑا گروپ دیکھا گیا جس نے ساحلی ماہی گیروں اور ماحولیاتی ماہرین کو حیران کر دیا۔ یہ ڈولفن عام طور پر پاکستان کے ساحلی پانیوں میں پائی جاتی ہیں اور ان کے بڑے اسکول انڈس ڈیلٹا، چیران آئی لینڈ، ماڑہ، جزیرہ استولا اور گوادر کے علاقے میں بھی نظر آتے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق ڈولفن کا بار بار دکھائی دینا سمندری ماحول کی اچھی صحت کی نشاندہی کرتا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف نے زور دیا ہے کہ پاکستان کے سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ڈولفن اور دیگر سمندری حیات محفوظ رہ سکیں۔
بلوچستان کے ماہی گیروں نے ڈولفن گروپ کی ویڈیو بھی بنائی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈولفن کشتی کے ساتھ کھیلتے اور غوطہ لگاتے نظر آ رہے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا کہنا ہے کہ ڈولفن شرارتی اور انسان دوست ہوتی ہیں اور ان کی موجودگی شمالی بحیرہ عرب کی اعلیٰ پیداواری صلاحیت کی علامت ہے۔