ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی اضافی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔ بینک کے مطابق یہ فنڈز صوبہ بلوچستان میں پانی سے متعلق اہم منصوبے پر خرچ کیے جائیں گے جس کا مقصد پانی کی فراہمی بہتر بنانا، ضیاع کم کرنا اور زرعی شعبے کو درپیش مشکلات کا حل فراہم کرنا ہے۔
اے ڈی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت جدید پائپڈ واٹر سپلائی سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس سے صوبے میں پانی کے بڑے پیمانے پر ہونے والے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی۔ بلوچستان پہلے ہی پانی کی شدید قلت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے باعث زرعی دباؤ کا شکار ہے جبکہ صوبے کی معیشت کا دو تہائی حصہ زراعت پر منحصر ہے اور 60 فیصد آبادی اسی شعبے سے وابستہ ہے۔
بینک کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے 1 ہزار 839 ہیکٹر بارانی اراضی میں بھی پانی کی دستیابی بہتر ہوگی جس سے زرعی پیداوار بڑھنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ ژوب اور مُولا دریا بیسن میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا جبکہ خواتین کے لیے بھی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت کے نئے راستے کھلیں گے۔
اے ڈی بی نے بتایا کہ منصوبے میں جاپان فنڈ اور ہائی لیول ٹیکنالوجی فنڈ کی کو فنانسنگ بھی شامل ہے جس سے منصوبے کی تکنیکی اور مالی مضبوطی مزید بہتر ہوگی۔ بینک کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں یہ مداخلت صوبے کے پانی کے بحران، زرعی دباؤ اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔