فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بینکنگ چینلز کے بغیر گاڑیوں کی خرید و فروخت کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گاڑی اگر کیش میں خریدی گئی تو خریدار پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ایف بی آر نے اس حوالے سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ہدایات کے مطابق گاڑی کی ملکیت منتقلی کے وقت اگر یہ ثابت ہو جائے کہ لین دین نان بینکنگ چینلز کے ذریعے کیا گیا ہے تو خریدار سے گاڑی کی مجموعی مالیت کا 10 فیصد تک جرمانہ وصول کیا جا سکے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد معیشت کو دستاویزی بنانا، کالے دھن کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا اور غیر قانونی مالی لین دین پر قابو پانا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق بینکنگ نظام کے ذریعے ادائیگی کو فروغ دے کر شفافیت میں اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ملک بھر میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کے طریقہ کار کو منظم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور ریونیو کلیکشن بہتر ہونے کی توقع ہے۔