ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری کے تحت پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کے ایک اہم اور تاریخی معاہدے نے حتمی مراحل میں داخل ہوکر اقتصادی تعاون کے نئے دور کی بنیاد رکھ دی ہے۔
دونوں ممالک کے وفود نے مذاکراتی مسودے پر دستخط کردیے ہیں، جس کے بعد معاہدے کو جلد باضابطہ شکل دی جائے گی۔
اس معاہدے کا مقصد توانائی، ٹیکنالوجی، اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا نے مشترکہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دو طرفہ سرمایہ کاری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور طویل المدتی اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے۔
ایس آئی ایف سی کی بہترین سہولت کاری اور حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں واضح اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری پالیسی اصلاحات کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جدید اور عالمی معیار کے مطابق سرمایہ کاری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کی بہتر سرمایہ کاری پالیسیوں اور معاشی استحکام پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان پر بڑھتا ہوا غیر ملکی اعتماد ملک کی معاشی بہتری کا واضح اشارہ ہے۔ یہ معاہدہ مستقبل میں پاکستان اور آسٹریلیا کے اقتصادی تعلقات کو نئی سمت دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔