کے پی سے 494 کھلاڑیوں اور آفیشلز کا دستہ 4 دسمبر کو کراچی روانہ ہوگا

image

خیبر پختونخوا کا 494 کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل دستہ 35 ویں نیشنل گیمز میں شرکت کیلیے 4 دسمبر کو کراچی روانہ ہوگا۔ کھلاڑی مجموعی طور پر 32 مختلف گیمز میں صوبے کی نمائندگی کریں گے۔

ڈی جی اسپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر کو صوبائی دستے کا چیف ڈی مشن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ رحمت گل آفریدی ڈپٹی چیف ڈی مشن (میل)، سفینہ بابر ڈپٹی چیف ڈی مشن (فیمیل)، محمد امجد خان سیکریٹری کانٹیجنٹ اور شاہ فیصل فنانس سیکریٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ذوالفقار بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے کھلاڑیوں نے نیشنل گیمز کی تیاری کیلیے بھرپور ٹریننگ کی ہے۔ ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس خیبر پختونخوا کی جانب سے 14 روزہ تربیتی کیمپ پشاور کے مختلف گراؤنڈز میں جاری ہے جو 3 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد کھلاڑی اگلے روز کراچی روانہ ہوں گے۔

انہوں نے مشیر کھیل و امور نوجوانان خیبر پختونخوا تاج محمد ترند اور ڈی جی اسپورٹس تاشفین حیدر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کیں۔ ساتھ ہی صوبائی حکومت نے نیشنل گیمز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کیلیے انعامات کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے مطابق گولڈ میڈلسٹ کو 3 لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کو 2 لاکھ روپے اور برانز میڈلسٹ کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

ذوالفقار بٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کا مقصد اس بار نیشنل گیمز میں بہترین کارکردگی کے ساتھ نمایاں پوزیشنز حاصل کرنا ہے۔

35 ویں نیشنل گیمز 2025 سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی میزبانی میں 6 سے 13 دسمبر 2025 تک کراچی میں منعقد ہوں گے۔ اس میگا ایونٹ میں ملک بھر کے تمام صوبوں سے 33 مختلف کھیلوں میں 11 ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز حصہ لیں گے، جو قومی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق 4663 رجسٹرڈ ایتھلیٹس جن میں 2566 مرد اور 2097 خواتین شامل ہیں، 8 دن اور 7 راتوں تک جاری رہنے والے مقابلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔ صوبوں اور محکموں کی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 4 دسمبر سے شروع ہوگا، جبکہ مینجرز کی میٹنگ 6 دسمبر کو منعقد ہوگی۔ مقابلوں کا باقاعدہ آغاز بھی 4 دسمبر سے ہی ہوگا اور 13 دسمبر کو اختتامی تقریب کے بعد کھلاڑیوں کی واپسی شروع ہوگی۔

افتتاحی تقریب 6 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ اختتامی تقریب میں وزیراعظم پاکستان شرکت کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US