کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا ایک بڑا اور دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے اور شہر میں چیف آئی آر آپریشنز ایف بی آر آفس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے۔
اس اہم پیش رفت پر ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے چیئرمین ایف بی آر اور ممبر آپریشنز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مرزا ناصر کو چیف آپریشنز ایف بی آر کراچی تعینات کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ کراچی میں ایف بی آر کا فوکل پرسن تعینات کیا جائے، تاکہ اب بزنس کمیونٹی کے ٹیکنیکل اور آپریشنز سے متعلق مسائل کراچی میں ہی حل ہوسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نیا آفس کاروبار میں آسانی کے لیے مددگار ثابت ہوگا اور اس کی بدولت سسٹم سے متعلق ڈیجیٹل اور ای انوائسنگ کے ایشوز اب فوری طور پر حل ہوسکیں گے۔