پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بجٹ کی آمد اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے باعث کاروبار کے آغاز پر اتار چڑھاؤ کا رجحان دیکھا گیا۔
مارکیٹ نے 550 پوائنٹس کی مندی سے آغاز کیا اور ہنڈریڈ انڈیکس 169,000 پوائنٹس کی حد گنوا کر 640 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 168,787 پوائنٹس پر ٹریڈ کرنے لگا۔ آغاز میں سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط رویہ اپنایا گیا اور مارکیٹ میں محدود مندی برقرار رہی، جس کے بعد انڈیکس 383 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ 169,044 پوائنٹس پر آگیا۔
بعدازاں، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست ریکوری دیکھنے میں آئی اور مارکیٹ منفی سے مثبت زون میں داخل ہوگئی۔ مارکیٹ نے نہ صرف 169,000 پوائنٹس کی حد دوبارہ بحال کی بلکہ 170,000 پوائنٹس کی نئی حد بھی عبور کرلی۔
بروکرز کے مطابق مارکیٹ میں یہ ریکوری بجٹ میں اسٹاک مارکیٹ کے لیے اچھی خبروں کی اطلاعات کے باعث آئی، جس سے ہنڈریڈ انڈیکس 606 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 170,033 پوائنٹس پر ٹریڈ کرنے لگا۔