سمریتی مندھانا اور پالاش مچھل کی شادی 23 نومبر کو ہونا تھی لیکن اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ شادی کے دن مندھانا کے منیجر نے بتایا تھا کہ تقریب والد کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے شادی موخر کر دی گئی ہے۔

انڈیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان سمریتی مندھانا نے اعلان کیا ہے کہ ان کی موسیقار پالاش مچھل سے شادی منسوخ کر دی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ پالاش مُچھل نے بھی سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
سمریتی مندھانا اور پالاش مچھل کی شادی 23 نومبر کو ہونا تھی لیکن اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ شادی کے دن مندھانا کے منیجر نے بتایا تھا کہ تقریب والد کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے شادی موخر کر دی گئی ہے۔
اس کے بعد سے دونوں کی شادی کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ آخرکار اتوار کو دونوں نے پہلی بار عوامی سطح پر خاموشی توڑی ہے۔

سمریتی اور پالاش نے کیا کہا؟
شادی ملتوی ہونے کے بعد سب سے پہلے سمریتی نے اپنا موقف پیش کیا۔ انھوں نے انسٹاگرام سٹوری پر ایک طویل بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شادی ختم ہو چکی ہے۔
سمریتی نے لکھا کہ 'گذشتہ چند ہفتوں سے میری ذاتی زندگی کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔ اس لیے مجھے لگا کہ اب صاف بات کرنا ضروری ہے۔'
انھوں نے کہا کہ 'میں ایک نجی زندگی گزارنے والی شخص ہوں اور ایسا ہی رہنا چاہتی ہوں۔ لیکن یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ شادی ختم ہو گئی ہے۔'
سمریتی نے مزید کہا کہ 'میں چاہتی ہوں کہ یہ معاملہ یہیں ختم ہو جائے اور سب سے درخواست ہے کہ اسے آگے نہ بڑھائیں۔ براہِ کرم دونوں خاندانوں کی پرائیویسی کا احترام کریں اور ہمیں کچھ وقت دیں تاکہ ہم اس صورتحال کو سمجھ سکیں اور آگے بڑھ سکیں۔'
انھوں نے کہا کہ 'میرا ماننا ہے کہ ہمیں سب کو بڑے مقصد کے لیے کوشش کرنی چاہیے اور میرے لیے وہ ہمیشہ اپنے ملک کی نمائندگی رہا ہے۔'
'میں انڈیا کے لیے کھیلنا چاہتی ہوں، جیتنا چاہتی ہوں اور ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دینا چاہتی ہوں۔ یہی میری توجہ کا مرکز رہے گا۔'

موسیقار پالاش مچھل نے بھی انسٹاگرام سٹوری پر اپنا بیان جاری کیا۔ انھوں نے لکھا کہ 'میں نے اپنی زندگی میں آگے بڑھنے اور ذاتی تعلقات سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔'
انھوں نے کہا کہ 'میرے لیے یہ دیکھنا بہت مشکل رہا کہ لوگ بے بنیاد افواہوں پر اتنی آسانی سے ردعمل دیتے ہیں، خاص طور پر اس معاملے پر جو میرے لیے مقدس تھا۔'
پالاش نے مزید کہا کہ 'یہ میری زندگی کا سب سے مشکل وقت ہے لیکن میں اسے عزت کے ساتھ سنبھالوں گا اور اپنے اصولوں پر قائم رہوں گا۔ میری امید ہے کہ ہم بطور معاشرہ کسی پر فیصلہ سنانے سے پہلے رُکیں، خاص طور پر جب بات غیر مصدقہ خبروں کی ہو۔'
انھوں نے لکھا کہ 'ہمارے الفاظ ایسے زخم دے سکتے ہیں جنھیں ہم کبھی سمجھ نہیں پاتے۔ اس سب پر غور کرتے ہوئے یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا میں بہت سے لوگ سنگین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔'
پالاش نے خبردار کیا ہے کہ ان کی ٹیم جھوٹی اور ہتک آمیز باتیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔
آخر میں انھوں نے لکھا کہ 'اس مشکل وقت میں جن لوگوں نے مجھے سپورٹ کیا ان سب کا شکریہ۔'