ملک کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ 35 ویں نیشنل گیمز کا باضابطہ افتتاح کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کیا گیا، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گیمز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید، خیبرپختونخوا کے مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند، اور وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں اولمپئن کھلاڑیوں نے روایتی مشعل روشن کی، جبکہ مارچ پاسٹ میں چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پاک آرمی، واپڈا، پولیس، ایچ ای سی، پاکستان ایئر فورس، پاک نیوی اور ریلوے کے دستوں نے شرکت کی۔ مارچ پاسٹ کے دوران انٹرنیشنل جیولن تھروور اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے پاکستان کا پرچم تھام کر اسٹیڈیم کا چکر لگایا۔
خیبرپختونخوا کے دستے کی نمائندگی چیف ڈی میشن تاشفین حیدر نے کی، جن کے ہمراہ دیگر افسران اور کھلاڑی موجود تھے۔ صوبے کا پرچم بین الاقوامی بیڈمنٹن کھلاڑی مراد علی نے اٹھایا۔
نیشنل گیمز میں 32 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جن میں 11 ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز حصہ لے رہے ہیں، جن میں 4663 اتھلیٹس شامل ہیں، جن میں 2566 مرد اور 2097 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ مقابلے 13 دسمبر تک کراچی کے مختلف مقامات پر جاری رہیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 سال بعد کراچی میں نیشنل گیمز کا انعقاد ایک قابل فخر لمحہ ہے، اور نوجوانوں کا جذبہ ملک کے روشن مستقبل کا عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کھلاڑیوں میں سے کئی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے اور دنیا کو ملک کا مثبت چہرہ دکھائیں گے۔