قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ان کا خواب اور ایمبیشن ہے کہ پاکستان نہ صرف اگلے سال ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتے بلکہ 2027 میں ہونے والا 50 اوورز کا ورلڈ کپ بھی اپنے نام کریں۔
سلمان علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈکاسٹ میں مزید کہا کہ ان کی ذاتی رائے میں اب ان کو نہیں لگتا کہ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی زیادہ بڑی تبدیلی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان نے ورلڈ کپ سے پہلے چھ میچ اور کھیلنے ہیں سری لنکا کے خلاف اور ان چھ میچز میں اب وقت نہیں کہ ٹیم میں کوئی بھی تبدیلی کی جائے اور جو کھلاڑی پچھلے کئی مہینوں سے کھیلتے آرہے ہیں انہی کو مزید اپنے رولز کو سمجھنے کے لیے یہ میچز آخری موقع ہے۔
پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم ہے تسلسل اور مستقل مزاجی لانے کے لیے پچھلے سات آٹھ مہینوں میں بہت محنت کی ہے۔ کھلاڑیوں کو مختلف ذمہ داریاں دی جاتی رہی ہیں اور اب انہوں نے کامیابی سے ان ذمہ داریوں کو نبھانا شروع کیا ہے، اس لیے میں ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھ رہا۔
سلمان نے اعتراف کیا کہ ٹیم میں اب بھی مزید بہتری کی ضرورت ہے، لیکن انہوں نے کہا اچھی بات یہ ہے کہ کھلاڑی اسی راستے پہ گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں اگلے مہینے تین میچز کھیلنے سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا خاص کر نئے کھلاڑیوں کو، کیونکہ پاکستان نے اپنے ورلڈ کپ کے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلنے ہیں۔