پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کیے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پروموشنل پوسٹر میں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کی تصویر شامل نہ کیے جانے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ معاملہ باضابطہ طور پر آئی سی سی کے سامنے اٹھایا جائے گا اور اس بات پر زور دیا جائے گا کہ ورلڈ کپ کی پروموشنل مہم میں پاکستان کی مناسب اور منصفانہ نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اس معاملے پر پرزور احتجاج کرے گا اور آئی سی سی سے مطالبہ کرے گا کہ آئندہ پاکستانی کرکٹ کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے پروموشنل پوسٹر میں بھارت کے کپتان سوریا کمار یادو، جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم، سری لنکا کے داسن شناکا، انگلینڈ کے ہیری بروک اور آسٹریلیا کے مچل مارش کی تصاویر شامل ہیں تاہم پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستانی کپتان کو پروموشنل سرگرمیوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ رواں سال ایشیا کپ کے دوران بھی ٹورنامنٹ کے براڈ کاسٹر بھارتی کمپنی سونی نے اپنی پروموشنل کیمپین میں سلمان علی آغا کو نظر انداز کیا تھا، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے احتجاج کے بعد ان کی تصاویر شامل کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اگلے سال فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان کی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔ سلمان علی آغا دسمبر 2024 سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔