بھارت میں لیجنڈ فٹبالر لیونل میسی کے دورے کے دوران کلکتہ کے سالٹ لیک سٹیڈیم میں تماشائی شدید ناراض ہو گئے جس کے نتیجے میں بوتلیں اور کرسیاں میدان میں پھینک دی گئیں۔ اس کے باعث میسی تقریب کے صرف 20 منٹ بعد ہی سی ڈی ایم چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
بھارتی میڈیا میں گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہزاروں شائقین اپنے ہیرو میسی کو دیکھنے میں ناکام رہے۔ تماشائیوں کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں، فلم سٹارز اور دیگر لوگوں نے میسی کے گرد گھیر بنا کر انہیں عوام کے سامنے آنے سے روک دیا، جس کی وجہ سے شائقین شدید مایوس ہوئے۔
ایک تماشائی نے بتایا کہ انہوں نے 10 ہزار کے ٹکٹ 12 ہزار میں خریدے تھے تاکہ میسی کو دیکھ سکیں مگر انہیں صرف مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ میسی آج بھارت کے دورے کے دوران دو تقریبات میں حصہ لیں گے جن میں سے ایک کلکتہ میں منعقد ہوئی۔
واضح رہے کہ کلکتہ میں یہ تقریب اس لیے رکھی گئی تھی کیونکہ ویسٹ بنگال بھارت میں فٹبال کا سب سے بڑا مرکز ہے لیکن عوامی انتظامات کی ناکامی اور سیاسی و سماجی شخصیات کے اثر و رسوخ نے تقریب کو تماشائیوں کے لیے مایوس کن بنا دیا۔