پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ پی سی بی کے مطابق نئی ٹیموں کے لیے بولیاں اب 22 دسمبر تک جمع کرائی جا سکیں گی۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے بتایا کہ یورپ، امریکا اور مشرقِ وسطیٰ سے پی ایس ایل کی نئی فرنچائزز میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث بولی کی مدت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ بولیاں 15 دسمبر تک جمع کرانا ہوں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پی ایس ایل اور نئی ٹیموں میں بڑھتی دلچسپی خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نئے فرنچائز مالکان کو خوش آمدید کہنے کے لیے پُر امید اور پُرجوش ہے۔
پی سی بی کی جانب سے آج نیویارک میں پی ایس ایل کا دوسرا روڈ شو بھی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں سرمایہ کاروں کو لیگ کی مقبولیت، تجارتی امکانات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل گزشتہ اتوار کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھی پی ایس ایل کا روڈ شو منعقد کیا گیا تھا، جسے پی سی بی کے مطابق بھرپور کامیابی ملی۔