امریکا کی نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے کہا ہے کہ نیٹو اور یورپی یونین امریکا کو روس کے خلاف جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سی جی ٹی این کے مطابق ڈائریکٹر امریکی انٹیلی جنس نے ایک تحریر میں رائٹرز پر الزام لگایا کہ وہ روس یوکرین تنازع کو طول دینے کے لیے جھوٹ اور جعلی پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور نیٹو اور یورپی یونین امریکا کو روس کے ساتھ براہ راست تصادم میں دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تلسی گبارڈ نے کہا کہ رائٹرز جنگ پسندوں کی ترجمانی کر رہا ہے جو عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رہا ہے تاکہ انہیں جنگ کی حمایت کرنے پر مجبور کیا جا سکے، یہی نیٹو اور یورپی یونین چاہتے ہیں اور ان کا مقصد امریکی فوج کو روس کے خلاف جنگ میں گھسیٹنا ہے۔
امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس نے مزید کہا کہ امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی کا اندازہ ہے کہ روس نیٹو کے ساتھ بڑی جنگ سے بچنا چاہتا ہے جبکہ امریکا میں "ڈیپ اسٹیٹ" اور اس کی پروپیگنڈا مشین ٹرمپ انتظامیہ کی یورپ میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
روس کے خصوصی صدارتی نمائندے برائے غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون دمترییف نے تلسی گبارڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے امریکا کی "ڈیپ سٹیٹ" کی روس اور یورپ کے درمیان جنگ بھڑکانے کی کوشش کو بے نقاب کیا ہے۔