بنگلادیش، حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد

image

بنگلادیش کی عبوری حکومت نے تصدیق کی ہے کہ مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کے آئندہ سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بنگلادیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کے پریس سیکریٹری شفیق الاسلام نے ڈھاکا میں پریس کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ عوامی لیگ پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی لگائی گئی ہے، اس کی سیاسی سرگرمیاں اس وقت ملک میں ممنوع ہیں اور الیکشن کمیشن نے پارٹی کی رجسٹریشن بھی منسوخ کردی ہے۔

شیخ حسینہ واجد اور عوامی لیگ کے رہنما بین الاقوامی جرائم ٹربیونل میں مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں۔ مئی میں عبوری حکومت نے بنگلادیش عوامی لیگ اور اس کی اتحادی تنظیموں کی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کے لیے ایک گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد گزشتہ سال عوامی احتجاج کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔

عبوری حکومت کی مشاورتی کونسل کے اجلاس کے بعد شفیق الاسلام نے کہا کہ عوامی لیگ کی سرگرمیاں مقدمے کی سماعت مکمل ہونے تک معطل رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US