سیمنٹ کی فروخت (مقامی فروخت و برآمدات) میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر 9.66فیصد اضافہ ہوا ہے، اس عرصہ میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 13.11 فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 3.72 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت بشمول برآمدات و لوکل سیلز کا حجم 25.783 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال جولائی تا دسمبر 2024 کی ششماہی میں فروخت کا حجم 23.510 ملین ٹن رہا تھا۔
اسی طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 2.273 ملین ٹن یعنی 9.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 18.700 ملین ٹن کے مقابلے میں 21.152 ملین ٹن تک بڑھ گئی اور جاری مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 2.452 ملین ٹن یعنی 13.11 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 3.72 فیصد کی کمی واقع ہوئی اور سیمنٹ کی ملکی برآمدات جولائی تا دسمبر 2024 کی 4.810 ملین ٹن برآمدات کے مقابلے میں 0.179 ملین ٹن یعنی 3.72 فیصد کی کمی سے جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران 4.631 ملین ٹن رہیں۔
اے پی سی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2024 کے مقابلے میں دسمبر 2025 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (برآمدات و مقامی) میں 0.063 ملین ٹن یعنی 1.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور برآمدات کا حجم 4.284 ملین ٹن کے مقابلے میں 4.347 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔
اسی عرصہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں بھی 6.42 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے اور مقامی فروخت کا حجم دسمبر 2024 کی 3.5 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں دسمبر 2025 کے دوران 3.725 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔
دوسری جانب دسمبر 2024 کے مقابلے میں دسمبر 2025 کے دوران سیمنٹ کی قومی برآمدات میں ایک لاکھ 61 ہزار 865 ٹن یعنی 20.65 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور برآمدات کا حجم 7 لاکھ 83 ہزار 550 ٹن کے مقابلے میں دسمبر 2025 کے دوران 6 لاکھ 21 ہزار 685 ٹن تک کم ہوگیا۔