ایم ایل ون منصوبے کا آغاز جولائی 2026 سے کراچی پورٹ سے ہوگا، حنیف عباسی

image

وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے پر کام جولائی 2026 میں کراچی پورٹ سے شروع کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کراچی کے دورے کے دوران چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد سے ملاقات کی، جس میں پورٹ کی لاجسٹکس اور کارگو ہینڈلنگ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔

دونوں فریقین نے کراچی پورٹ سے کارگو کی مؤثر ترسیل کے لیے ریلوے نظام کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے کارگو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سامان کی ترسیل کو سڑکوں کے بجائے ریل کے ذریعے منتقل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ لاگت میں کمی اور کارکردگی میں اضافہ ہو۔

حنیف عباسی نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان ریلوے کی کارگو ہینڈلنگ صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ کراچی پورٹ سے منسلک ریلوے انفراسٹرکچر کو جدید اور مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کے پی ٹی سے پپری تک 54 کلومیٹر طویل ریلوے سیکشن کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ کارگو کی تیز اور ہموار ترسیل ممکن ہو سکے۔وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان ریلوے آئندہ پانچ ماہ میں روزانہ چار فریٹ ٹرینیں چلانے کا منصوبہ رکھتا ہے جو ریل کے ذریعے کارگو ٹرانسپورٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے اس موقع پر کہا کہ بلک کارگو کی ترسیل کو ریل کے ذریعے ترجیح دی جائے گی اور کے پی ٹی اپنی اندرونی ریلوے لائنز کو بھی اپ گریڈ کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US