کوہاٹ: سونے کی کان بیٹھ گئی، 7 مزدور جاں بحق، ایک زخمی

image

کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی یونین کونسل خوشحال گڑھ کے گاں وادی کمر میں غیر قانونی سونے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے سات مزدور جاں بحق جبکہ ایک مزدور زخمی ہو گیا۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب مقامی افراد قانونی اجازت اور حفاظتی انتظامات کے بغیر کان کنی میں مصروف تھے کہ اچانک پہاڑ کا بڑا حصہ منہدم ہو کر کان کے اندر جا گرا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمی مزدور ریاض علی کو زندہ نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے کے نیچے دبے سات مزدور جانبر نہ ہو سکے، جن کی لاشیں نکال کر قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں طلعت، فیاض، عابد، دانیال، صابر، فراز اور فیضان شامل ہیں، جن کا تعلق گاں پرشئی سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس اور انتظامیہ کے مطابق واقعہ غیر قانونی کان کنی، حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی اور متعلقہ محکموں کی اجازت کے بغیر کھدائی کے باعث پیش آیا۔ پولیس تھانہ گمبٹ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ پہلے ہی کوہاٹ میں سونے کی کان کنی پر پابندی عائد کر چکی ہے، تاہم بعض مقامات پر غیر قانونی کان کنی کا عمل جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US