انٹر کلب ٹینس ٹورنامنٹ: پشاور سروسز کلب نے فائنل جیت کر ٹرافی اپنے نام کر لی

image

ریجنل اسپورٹس آفس اور ضلعی انتظامیہ پشاور کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر کلب ٹینس ٹورنامنٹ کا فائنل گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا، جس میں پشاور سروسز کلب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور سپورٹس کمپلیکس کی ٹیم کو 2-1 سے شکست دے کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا۔

فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم پشاور سروسز کلب کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔ پشاور سروسز کلب کی ٹیم میں حمزہ آفریدی، ارسلان، سالار اور فیضان شامل تھے جبکہ پشاور اسپورٹس کمپلیکس کی ٹیم شاہ سوار، عبدالرحمن آفریدی، ریان عمر اور دانیال پر مشتمل تھی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل کرکٹر عباس آفریدی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عمر ایاز، چیف کوچ شفقت اللہ، ریجنل اسپورٹس آفیسر کاشف فرحان اور کوچ رومان خان بھی موجود تھے۔

انٹر کلب ٹینس ٹورنامنٹ میں لیڈیز کلب، پی ڈی اے کلب حیات آباد، پشاور یونیورسٹی کلب، حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس، پاکستان ٹینس کلب شاہی باغ، نوشہرہ گیریژن آفیسرز کلب، پشاور سروسز کلب، پولیس لائنز اور پشاور اسپورٹس کمپلیکس سمیت مجموعی طور پر 16 ٹیموں کے 70 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US