27 سال بعد قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا دوبارہ انعقاد پشاور میں کیا جا رہا ہے۔ 62 ویں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ یکم فروری سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ٹریننگ اینڈ کوچنگ سینٹر میں شروع ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
چیمپئن شپ میں پاک آرمی، واپڈا، پولیس، پاکستان ایئر فورس، ریلوے، ایچ ای سی کے علاوہ سندھ، بلوچستان، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے 300 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ خیبرپختونخوا کے مراد خان اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔
اس موقع پر نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے برانڈ ایمبیسڈر معروف گلوکارہ سحر خان اور صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مسعود خان بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ 27 سال قبل پشاور میں منعقدہ نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے چیمپئن واجد علی چوہدری اس وقت پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔