چائے دنیا کے چند پسندیدہ مشروبات میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے اور اسے لوگ مختلف انداز سے پیتے ہیں کسی کو بغیر دودھ والی پسند ہوتی ہے تو کسی کو دودھ شامل کر کے۔ اردو، چینی، ترکی، روس، فارسی، پنجابی، سندھی، پشتو، عربی اور انگریزی سمیت دنیا کی کئی زبانوں میں اس کے نام مختلف ہیں مگر لطف سب کو یکساں ملتا ہے۔
کشمیری چائے، جو سردیوں میں خاص طور پر مقبول ہے اپنے ذائقے اور غذائی فوائد کی وجہ سے ہر عمر کے افراد کی پسندیدہ ہے۔ اس میں سبز چائے کی پتیاں، لونگ، دارچینی، بادیان کا پھول، الائچی، سوڈا، نمک، دودھ، بادام اور پستہ شامل کیے جاتے ہیں، جو نہ صرف ذائقہ بڑھاتے ہیں بلکہ صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔
کشمیری چائے کا رنگ گلابی اور خوشبو خوشگوار ہوتی ہے جس سے سردیوں کی ٹھنڈی ہوا میں ایک پیالی چائے دل کو گرما دیتی ہے۔ لونگ گلے کی خارش اور کھانسی میں مفید، الائچی دماغ کو تازگی بخشتی ہے، بادیان ذائقہ بڑھاتا ہے، دارچینی سردیوں کی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ہے، جبکہ بادام اور پستہ یادداشت اور توانائی کے لیے اہم ہیں۔
یہ چائے گھر میں بھی بازار یا ریستوران جیسی بنائی جا سکتی ہے اگر تمام اجزا اور طریقہ کار درست طریقے سے استعمال کیے جائیں۔ سردیوں میں ایک پیالی کشمیری چائے نہ صرف مزہ دیتی ہے بلکہ توانائی اور صحت کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔