معروف پبلک اسپیکر اور کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈاکٹر نبیہہ علی خان نے مردوں کی ایک سے زیادہ شادیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسی صورت میں اپنے شوہر کو چھوڑنے کو ترجیح دیں گی۔
ڈاکٹر نبیہہ علی خان حال ہی میں عروسہ خان کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے انسانی رویوں اور ازدواجی تعلقات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر مردوں کی دوسری شادی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ان کے شوہر نے دوبارہ شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور انہیں نہیں چھوڑا تو وہ خود ہی رشتہ ختم کر دیں گی۔
ڈاکٹر نبیہہ نے کہا اگر ایک مرد میری تمام کوششوں کے باوجود کسی اور عورت کی طرف جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ پہلی عورت کو سمجھنے میں ناکام رہا۔ جو یہ کہتا ہے کہ مجھے محبت نہیں ملی، وہ جھوٹ بولتا ہے۔ میں شروع سے ہی یہ واضح کر چکی ہوں کہ میں ایسی چیزیں قبول نہیں کرتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اسلام میں ایک سے زیادہ شادیوں کی اجازت ہے اس لیے وہ مذہبی بنیاد پر اعتراض نہیں کر سکتیں مگر ذاتی طور پر وہ ایسی شادی کو برداشت نہیں کر سکتیں۔ یہ عورت کا حق ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ وہ شوہر کی دوسری شادی برداشت کر سکتی ہے یا نہیں، اور میں یہ برداشت نہیں کر سکتی۔
ڈاکٹر نبیہہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے شوہر اور سسرال والوں کو پہلے ہی آگاہ کر دیا ہے کہ اگر مرد باہر دیکھے گا تو اس کے ساتھ موجود عورت کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔ ایک مرد ایک عورت کے ساتھ ہی اچھا لگتا ہے کئی عورتوں کے ساتھ نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اکثر دوسری شادیوں میں مرد پہلی بیوی کو بھول جاتے ہیں اسے کمتر محسوس کراتے ہیں اور یہ کہتے ہیں نہیں کبھی محبت ہی نہیں ملی اگر یہ سچ ہوتا تو پھر رشتہ وجود میں ہی کیسے آیا؟
واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیہہ علی خان کی پہلی شادی کئی برس قبل شوہر کے انتقال پر ختم ہوئی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ نومبر 2025 میں انہوں نے اپنے دوست حارث کھوکھر سے دوسری شادی کی تھی۔
ڈاکٹر نبیہہ کے اس دوٹوک مؤقف پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں کچھ صارفین ان کی صاف گوئی کی تعریف کر رہے ہیں تو کچھ اس رائے سے اختلاف بھی کر رہے ہیں۔