انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آج بنگلا دیش کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت پر فیصلہ سنائے گا۔
آئی سی سی نے آج سارے بورڈ ممبرز کی میٹنگ بلائی ہے اور اہم بات یہ ہے کہ میٹنگ سے 24 گھنٹے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے بنگلا دیش کی اس مطالبے کی حمایت کی ہے کہ ان کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں رکھے جائیں۔
حالانکہ پی سی بی کی طرف سے سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے مگر ذرائع نے بتایا کہ خط میں جو کل ہی آئی سی سی کو بھیجا گیا یہ کہا گیا ہے کہ پی سی بی بنگلا دیش کے ورلڈ کپ میچز پاکستان میں کرانے کو تیار ہیں۔ ساتھ ہی پی سی بی نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ اور حکومت کو سیکیورٹی کو لے کر ٹیم بھارت بھیجنے میں کوئی تشویش ہے تو ان کی بات کو سنا جائے اور ان کے میچز کہیں اور کرائے جائیں۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ اور عبوری حکومت کے عہدیداران نے مسلسل اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت بھیجنے کو تیار نہیں کیونکہ ان کو اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکیورٹی کو لے کر شدید خدشات ہیں۔
یہ خبریں بھی چل رہی ہیں کہ اگر آئی سی سی نے بنگلا دیش کے میچز بھارت سے منتقل نہیں کیے تو پاکستان بھی ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر دے گا مگر اب تک اس بات کی کوئی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔