یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے ایک دلچسپ اور سرگرمیوں سے بھرپور اسپورٹس فیسٹیول 21 جنوری سے پشاور میں منعقد ہوگا، جس کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام کیا جائے گا۔
یہ فیسٹیول ماڈل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹیٹ چلڈرن زمونگ کور چارسدہ روڈ میں ہوگا اور 24 جنوری تک جاری رہے گا۔ اس دوران کرکٹ، فٹبال، بیڈمنٹن، کبڈی، باسکٹ بال، رسہ کشی، اتھلیٹکس، والی بال اور میوزیکل چیئر کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول کا مقصد یتیم بچوں کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنا اور انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کر سکیں۔
فیسٹیول کا افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل تاج محمد خان ترندہ کریں گے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی ہونگے۔ تقریب میں زمونگ کور پشاور کے علاوہ ایبٹ آباد، سوات، ڈی آئی خان کے کیمپس، اخپل کور سوات، ایس او ایس اور دیگر یتیم بچوں کے اداروں سے تقریباً 500 بچے حصہ لیں گے۔