پاکستان کے تجربے کار آل راؤنڈر شعیب ملک جنہوں نے منگل کے روز پاکستان سپر لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، پی ایس ایل میں کسی اور روپ میں نظر آئیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ جن لوگوں نے پی ایس ایل میں سیالکوٹ کی فرنچائز لی ہے وہ چاہتے ہیں کہ شعیب ملک ان کی مینجمنٹ ٹیم میں شامل ہوں۔ شعیب ملک کو یا تو کوچنگ میں یا پھر ٹیم مینجمنٹ میں کوئی اہم عہدہ دیا جائے گا۔
شعیب ملک جن کا تعلق سیالکوٹ سے ہے سالوں سے سیالکوٹ کرکٹ کے ساتھ منسلک رہے ہیں اور کافی سال تک وہ سیالکوٹ کی ٹیم کی کپتانی بھی کرتے رہے اور قومی ٹی ٹونٹی چیمپین شپ میں کئی فتوحات بھی دلائیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ملک خود بھی سیالکوٹ کی پی ایس ایل میں انٹری پر بہت خوش ہیں اور اس کی کامیابی میں کوئی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بہت جلد پلیئرز آکشن سے پہلے شعیب ملک کو ذمہ داری دی جائے گی اور فرنچائز میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تقرری میں ان کا اہم کردار ہوگا۔