خلیجی ممالک نے بھارتی فلم بارڈر 2 پر پابندی عائد کردی

image

بھارتی معروف اداکار سنی دیول کی نئی فلم ‘بارڈر 2’ کو خلیجی ممالک میں تھیٹر ریلیز سے قبل پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کو دنیا بھر میں 23 جنوری 2026 کو ریلیز کرنے کا شیڈول تھا، تاہم ادیتیہ دھر کی فلم دھریندر کی طرح، بارڈر 2 بھی بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں سینما ہالز میں دکھانے کی اجازت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

فلم کی ایڈوانس بکنگ تین روز قبل شروع ہوئی تھی اور شائقین نے بھرپور ردعمل دیا۔ 22 جنوری دوپہر تک تقریباً 60,000 ٹکٹیں ملک بھر کے بڑے سینما چینز میں فروخت ہو چکی تھیں۔ یہ فلم نئے سال کی پہلی بڑی فلمی ریلیز تھی اور بھارتی میڈیا کے مطابق خلیجی ممالک میں پابندی کے باعث فلم کی عالمی آمدنی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

فلم 1971 کی پاک بھارت جنگ کے پس منظر پر مبنی ہے اور ٹیزر میں سنی دیول کو جنگی نعروں اور جارحانہ مکالموں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ تاہم فلم کو شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔

فلم میں ورون دھون، دلجیت دوسانجھ اور اہن شیٹی بھی شامل ہیں اور اسے 23 جنوری 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رنویر سنگھ کی فلم دھریندر بھی خلیجی ممالک میں ریلیز سے محروم رہی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US