40 قیراط ہیرے اور 10 لاکھ ڈالرز قیمت: ریحانہ کی انوکھی پازیب کے چرچے

image

پیرس فیشن ویک کے دوران امریکی گلوکارہ ریحانہ شاندار ہیرے جڑی پازیب پہن کر تقریب میں شرکت کی، جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

گلوکارہ فیشن شو کی پہلی صف میں سیاہ لباس کے ساتھ قیمتی زیورات پہنے نظر آئیں، جن میں ہیرے جڑے جھمکے اور کئی نمایاں انگوٹھیاں شامل تھیں، تاہم ان کی وکٹورین دور کے ہاروں سے متاثر ہو کر تیار کی گئی پازیب کو سب سے زیادہ پذیرائی ملی۔

اس منفرد پازیب میں 5 بڑے ہیروں کے جھمکے نما ٹکڑے شامل ہیں اور ہر ٹکڑے میں ناشپاتی کی شکل کا ہیرا جڑا ہوا ہے۔

جیولری ماہرین کے مطابق پازیب میں مجموعی طور پر تقریباً 40 قیراط کے ہیرے ہوسکتے ہیں، جبکہ اس میں موجود سب سے بڑے ناشپاتی نما ہیروں میں سے ہر ایک کا وزن 5 سے 7 قیراط تک ہے۔ ہیروں کے وزن، معیار اور کاریگری کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس پازیب کی اندازاً قیمت 10 لاکھ ڈالرز (تقریباً 28 کروڑ پاکستانی روپے) بتائی گئی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ریحانہ نے پاؤں میں قیمتی زیورات سے توجہ حاصل کی ہو، اس سے قبل وہ لاس ویگاس میں فارمولا ون گراں پری کے دوران تقریباً 4 لاکھ ڈالرز مالیت کی گھڑی کو پازیب کے انداز میں پہن چکی ہیں۔

اس کے علاوہ ان کے پاس 6 لاکھ ڈالرز مالیت کا ناشپاتی شکل کے ہیرے کا ٹو رنگ اور میٹ گالا میں پہنے گئے 51.9 قیراط کے نایاب گولکنڈہ ہیروں کے جھمکے بھی ان کے قیمتی مجموعے کا حصہ رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US