لباس پر سوال، پریشے عدنان کے حق میں پاکستانی فنکار میدان میں آگئے، نادیہ خان پر کھلی تنقید

image

معروف میزبان نادیہ خان کے پروگرام میں نوجوان فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان سے جم کے لباس اور ورزش کی ویڈیوز سے متعلق سوالات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ پریشے حال ہی میں نیویارک فیشن ویک میں اپنی کلیکشن پیش کرنے کے بعد پروگرام میں شریک ہوئی تھیں جہاں گفتگو کے دوران ان کے جم میں پہنے جانے والے لباس اور والدین کے ممکنہ ردعمل کے بارے میں سوال کیا گیا۔

پریشے نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ورزش کے دوران حفاظت اپنی جگہ ایک اہم معاملہ ہے تاہم انہیں ایسے پیغامات بھی موصول ہوتے ہیں جن میں لوگ بتاتے ہیں کہ ان کی ویڈیوز دیکھ کر انہوں نے ورزش اور اسٹرینتھ ٹریننگ شروع کی۔ بعد میں سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سوال کے پس منظر کو سمجھ گئی تھیں لیکن انہوں نے گفتگو کے دوران خود کو پُرسکون رکھنے کی کوشش کی۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد کئی شوبز شخصیات نے پریشے کے حق میں آواز اٹھائی۔ ہانیہ عامر نے اپنی تصاویر کے ساتھ ایسا جملہ شیئر کیا جو بظاہر اسی گفتگو کی طرف اشارہ تھا جبکہ یاسر حسین نے بھی میزبان کا نام لیے بغیر پروگرام میں ہونے والی گفتگو پر طنزیہ تبصرہ کیا۔

گلوکارہ یشل شاہد نے بھی منفرد انداز میں اپنا ردعمل دیا۔ انہوں نے کمبل اوڑھ کر ورزش کرنے کی ویڈیو بنائی اور طنزیہ انداز میں یہ سوال اٹھایا کہ کیا اب خواتین کو جم میں تنقید سے بچنے کے لیے اسی طرح ورزش کرنا ہوگی۔

اس گفتگو کے بعد بحث صرف ایک لباس یا جم کی ویڈیوز تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ سوال بھی زیرِ بحث آگیا کہ کسی خاتون سے اس کی ذاتی پسند اور لباس کے بارے میں سوال کرتے ہوئے گفتگو کی حدود کہاں ہونی چاہئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US