بیماری نے مجھے دنیا کی حقیقت دکھا دی، آغا شیراز نے کیا دکھ بھرا انکشاف

image

پاکستانی ٹی وی اداکار، میزبان اور پروڈیوسر آغا شیراز نے صحت یاب ہونے کے بعد اپنے دکھ اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے دنیا اور لوگوں کی حقیقت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ آغا شیراز نے حال ہی میں پروگرام "زبردست" میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی بیماری کے دوران پیش آنے والے حالات اور ذہنی اذیت کے بارے میں کھل کر بات کی۔

آغا شیراز پی ٹی وی کے مقبول ڈراموں اور سٹ کامز میں اپنی اداکاری کے باعث جانے جاتے ہیں جن میں ڈگڈگی، جانے انجانے، منا الیکٹریشن، قدوسی صاحب کی بیوہ، تم اجنبی ہو اور کچا سا خواب شامل ہیں۔ وہ ہٹ ڈرامہ سیریل بلبلے کی متعدد اقساط میں بھی نظر آ چکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی وائرل ویڈیوز بھی انہیں خبروں میں رکھتی رہیں تاہم بعد ازاں انہوں نے میڈیا انڈسٹری چھوڑ کر مذہبی زندگی اختیار کر لی تھی۔

جنوری میں آغا شیراز کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے باعث وہ چند روز تک اسپتال میں زیر علاج رہے۔ صحت یاب ہونے کے بعد پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیماری اللہ کی طرف سے تھی، یہ ہو گئی، لیکن اس دوران مجھے دنیا اور لوگوں کی حقیقت کا اندازہ ہوا۔ انسان کی قدر تب ہوتی ہے جب وہ مر جائے۔ شکر ہے میں نہیں مرا، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

آغا شیراز نے کہا کہ اسپتال میں داخل ہونے کے بعد میں نے لوگوں سے کہا کہ مجھے ایک انسان کے طور پر نہیں بلکہ ایک اداکار کے طور پر بھی قدر دیں۔ آج آپ کے پلیٹ فارم سے میں حکومت سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ کم از کم ایک فنکار کی ذمہ داری لے اور اس کا خیال رکھے۔ اگر ممکن ہو تو ایسا ضرور کرے۔

اس موقع پر میزبان وصی شاہ نے بھی بتایا کہ انہوں نے آغا شیراز کی صحت کے لیے بہت دعائیں کیں اور ان کی بیماری کی خبر سن کر وہ شدید صدمے میں مبتلا ہو گئے تھے۔

آغا شیراز نے مزید انکشاف کیا کہ وہ شدید مشکلات کا شکار تھے شو بز انڈسٹری نے ان کا بائیکاٹ کر دیا تھا اور ان کی رقم بھی کہیں پھنس گئی تھی۔ بیماری کے وقت وہ مالی مشکلات سے بھی دوچار تھے تاہم انہوں نے بتایا کہ انہیں اللہ کی طرف سے غیر متوقع طور پر روحانی مدد ملی جس نے انہیں اس کڑے وقت سے نکلنے کا حوصلہ دیا۔

آغا شیراز کے اس بیان نے ایک بار پھر شو بز انڈسٹری میں فنکاروں کی فلاح و بہبود اور مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے سوال کو اجاگر کر دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US