پی ٹی وی کی سینئر اور معروف اداکارہ جہاں سلطانہ جو نوشابہ بی بی کے نام سے جانی جاتی ہیں نے اپنی کم عمری کی شادی سے متعلق خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے یہ انکشاف ڈیجیٹل میڈیا چینل کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔
نوشابہ بی بی جن کا تعلق سوات سے ہے پشتو کرداروں کے لیے خاص شہرت رکھتی ہیں اور کئی دہائیوں سے پشتو ریڈیو اور پی ٹی وی سے وابستہ رہی ہیں۔ وہ ہمیشہ باوقار انداز اور سر ڈھانپ کر اسکرین پر نظر آتی رہی ہیں جس کی وجہ سے خصوصاً خیبر پختونخوا میں ان کی بڑی فین فالوونگ ہے۔
انٹرویو کے دوران نوشابہ بی بی نے بتایا کہ ان کی شادی صرف 12 سال کی عمر میں کر دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہ نوکری کا ہوش تھا نہ کیریئر کا میں تو گڑیوں سے کھیلنے کی عمر میں تھی۔ ایک دن بتایا گیا کہ گھر میں شادی ہے۔ مجھے بس ایک لپ اسٹک دی گئی کیونکہ لپ اسٹک میری کمزوری تھی۔ میں خوشی خوشی دوستوں کے درمیان بیٹھ گئی اور یوں میری شادی ہو گئی۔ اُس وقت بچوں کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا تھا کہ شادی کیا ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شادی کے بعد جب مہمان چلے گئے تو انہوں نے اپنی بھابھی سے کہا کہ مجھے واپس گھر بھیج دیں۔ نوشابہ بی بی کے مطابق ان کے شوہر ان کے خالہ زاد تھے اور دونوں کے درمیان 23 سال کا عمر کا فرق تھا۔ وہ صرف 14 سال کی عمر میں ماں بن گئیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ اگرچہ ان کے والد کافی سخت تھے تاہم ان کے شوہر نے ان کے اداکاری کے کیریئر میں بھرپور ساتھ دیا جس کی بدولت وہ ٹی وی اور ریڈیو میں اپنا مقام بنانے میں کامیاب ہوئیں۔