اداکار عمر عالم نے حال ہی میں اپنی شادی کے موقع پر پیش آنے والے ایک غیر متوقع واقعے پر کھل کر بات کی ہے۔
عمر عالم حال ہی میں فضا عمر کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ان کی شادی کی تقریب کراچی میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ شادی کے بعد وہ مارننگ شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنے نکاح کے دوران پیش آنے والے ایک عجیب اور ناخوشگوار لمحے کا ذکر کیا۔
عمر عالم نے بتایا کہ نکاح کے دوران نکاح خواں کی جانب سے ایک ایسی تقریر کی گئی جو ان کے لیے بالکل غیر متوقع تھی۔ اداکار کے مطابق مولوی صاحب نے نکاح کے خطبے میں کہا کہ اکثر لڑکیوں کے ساتھ سسرال جا کر بدسلوکی کی جاتی ہے انہیں دبایا جاتا ہے، غلط رویے اپنائے جاتے ہیں اور بعض اوقات جسمانی تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عمر عالم نے کہا کہ یہ باتیں سن کر وہ پریشان ہو گئے اور دل ہی دل میں سوچنے لگے کہ ان کی نئی زندگی کا آغاز ہو رہا ہے اور اس موقع پر اس قسم کی گفتگو مناسب نہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اس لمحے ان کی اہلیہ فضا کیا محسوس کر رہی ہوں گی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں لگا شاید نکاح خواں کے ذہن میں کوئی بات تھی، مگر نکاح جیسے خوشی کے موقع پر ایسی تقریر سب کے لیے عجیب صورتحال کا باعث بنی۔ اس موقع پر فضا عمر نے بھی گفتگو میں شامل ہوتے ہوئے کہا کہ نکاح خواں کی تقریر واقعی کچھ حد تک غیر مناسب اور عجیب محسوس ہوئی۔
یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی خاصا وائرل ہو رہا ہے اور صارفین نکاح جیسے مقدس موقع پر اس قسم کی گفتگو پر مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔