بالی وڈ کے معروف پروڈیوسر روہت شیٹی کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعے کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شیٹی کا گھر جوہو، ممبئی میں واقع ہے جہاں اتوار کے روز نامعلوم افراد نے 7.62 ایم ایم گولیوں سے 5 فائر کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بشنوئی گینگ سے منسلک ایک آن لائن اکاؤنٹ پر پوسٹ میں بتایا گیا کہ فائرنگ میں گینگ کے ارکان سبھم لونکر، آرزو بشنوئی، ہری باکسر اور ہرمن شانڈو شامل تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فارنزک رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس دوران پونے میں 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا اور مزید تفتیش کے لیے انہیں ممبئی کرائم برانچ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزمان پر شوٹر کی مدد کرنے اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے بعد روہت شیٹی کے گھر کے باہر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ پروڈیوسر نے اپنے دوستوں اور چاہنے والوں کو گھر پر آنے سے بھی منع کیا ہے۔