پاکستان کی مشہور ٹی وی اداکارہ جویریہ عباسی نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں اپنی ذاتی زندگی کے چند پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
جویریہ عباسی نے کہا کہ انہوں نے بہت کم عمری میں شادی کی اور اس پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا میں نے شمعون سے شادی کی یہ میرا اپنا فیصلہ تھا کیونکہ میں اس سے محبت کرتی تھی۔ شادی اور طلاق دونوں فیصلے میں نے خود کیے ۔ ہماری ایک خوبصورت بیٹی بھی ہے اور ہم نے ساتھ گزارا وقت خوبصورت بنایا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ہم نے کم عمری میں شادی کی تاکہ کیریئر کا آغاز کرسکیں اور والدین نے کہا کہ شادی کے بعد جو چاہو کرو، انہوں نے بتایا کہ سنگل پیرنٹ ہونا سب سے بڑا چیلنج تھا۔ لوگ سوچتے تھے کہ کیا میں اپنی بیٹی کی اچھی تربیت کر پاؤں گی؟ کیا میں اپنے کام میں کامیاب ہو پاؤں گی؟
انہوں نے مزید کہا میں نے اپنی بیٹی کی زندگی میں ماں اور باپ دونوں کا کردار ادا کیا۔ اس کی تعلیم، قرآن کلاسز، بیرونی سرگرمیوں اور تنہا سفر کے تجربات پر مکمل توجہ دی۔
جویریہ نے اپنی بیٹی انزلہ کے والد کے ساتھ تعلقات پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا ابتداء میں ہم اس بات کو لے کر فکر مند تھے کہ انزلہ کے والد کے ساتھ تعلقات کیسے ہوں گے میں نے کبھی انزلہ کو والد سے ملنے سے نہیں روکا کیونکہ میں جانتی تھی کہ وہ اس کی زندگی میں اہم ہیں۔ میں چاہتی تھی کہ وہ خود اس سے ملے اور جانے کہ کیا صحیح ہے۔