پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کے نکاح سے متعلق خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں، جب اداکارہ نے ایک مداح کے سوال کے جواب میں ایسا مختصر جملہ کہا جس نے شائقین کو تجسس میں مبتلا کر دیا۔
حال ہی میں ہانیہ عامر کی شادی سے متعلق قیاس آرائیوں نے اُس وقت زور پکڑا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک صارف کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’جمعے کی دوپہر میں نکاح ہو گا‘۔ اس جواب کے بعد مداح یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے کہ آیا اداکارہ مذاق کر رہی تھیں یا کسی بڑے اعلان کی طرف اشارہ دیا گیا ہے۔
ہانیہ عامر انسٹاگرام پر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی سیلیبریٹی ہیں اور سوشل میڈیا پر خاصی متحرک رہتی ہیں۔ وہ اکثر براہِ راست مداحوں سے گفتگو کرتی بھی دکھائی دیتی ہیں، تاہم ان کی بے باک شخصیت اور کھلے دل سے دیے گئے جوابات انہیں اکثر خبروں اور تنازعات کا حصہ بھی بنا دیتے ہیں۔
28 سالہ اداکارہ حساس موضوعات پر بات کرنے سے گریز نہیں کرتیں اور عام طور پر شادی سمیت ذاتی نوعیت کے سوالات کے جواب بھی کھل کر دیتی ہیں۔
گلوکار عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی کے خاتمے کے بعد ایک بار پھر ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے تعلقات بحال ہونے کی افواہیں سامنے آئیں۔ اگرچہ دونوں میں سے کسی نے بھی ان خبروں کی تصدیق نہیں کی، تاہم ہانیہ عامر کی عاصم اظہر کے کنسرٹس میں شرکت، انسٹاگرام پر ان کے گانوں کا استعمال اور خاندانی تقریبات میں موجودگی نے ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی۔
افواہیں اُس وقت مزید بڑھ گئیں جب ہانیہ عامر نے حال ہی میں عاصم اظہر کے گھر منعقد ہونے والی ایک قوالی نائٹ میں شرکت کی تھی۔ تاہم اداکارہ نے ان چہ مگوئیوں کا جواب مزاحیہ انداز میں دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل دعوؤں کے مطابق ہانیہ عامر اور عاصم اظہر مبینہ طور پر رمضان کے دوران شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسی تناظر میں ایک مداح نے سوال کیا کہ نکاح سحری کے بعد ہو گا یا افطار کے بعد، جس پر ہانیہ عامر نے مختصر مگر معنی خیز جواب دیتے ہوئے کہا ’جمعے کی دوپہر‘۔
اداکارہ کے اس جواب کے بعد ایک بار پھر مداحوں میں یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا یہ محض ایک ہلکا پھلکا مذاق تھا یا پھر شادی کے منصوبوں کی جانب ایک اشارہ تھا۔