نوازالدین صدیقی کی خاموش مدد، جیل میں قید راجپال یادیو کی مالی معاونت کی

image

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی نے جیل میں قید اور مالی بحران کے شکار اداکار راجپال یادیو کی ایک بار پھر خاموشی سے مالی مدد کی ہے۔

یاد رہے کہ راجپال یادیو ان دنوں دس برس پرانے چیک باؤنس کیس میں عدالتی حکم پر تہاڑ جیل میں قید ہیں اور شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر یہ الزامات گردش کر رہے تھے کہ نوازالدین صدیقی نے مشکل وقت میں اپنے قریبی دوست کا ساتھ نہیں دیا، تاہم اداکار کے قریبی ذرائع نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازالدین صدیقی ہمیشہ کی طرح اس بار بھی خاموشی سے راجپال یادیو کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ انہوں نے مالی معاونت فراہم کی ہو، اس سے قبل بھی وہ راجپال یادیو کو 10 لاکھ روپے دے چکے ہیں۔

قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ نوازالدین صدیقی ایسے فلاحی اقدامات کی تشہیر پسند نہیں کرتے اور اس بار بھی انہوں نے بغیر کسی اعلان کے مدد کی ہے۔

واضح رہے کہ راجپال یادیو ماضی میں متعدد مواقع پر نوازالدین صدیقی کے ساتھ اپنی دوستی اور محبت کا ذکر کر چکے ہیں۔ ایک پرانے انٹرویو میں نوازالدین نے بتایا تھا کہ جب راجپال کا اچھا وقت تھا تو وہ جدوجہد کرنے والوں کی مدد کیا کرتے تھے اور ان کا گھر کسی لنگر خانے سے کم نہیں تھا، جہاں ہر ضرورت مند کو کھانا مل جاتا تھا۔

دوسری جانب اداکار سونو سود اور گرمیت چوہدری نے بھی راجپال یادیو کی مدد کی اپیل کی ہے، جبکہ فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز نے انڈسٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں اداکار کا ساتھ دے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US