تعلیم نہ ہونے سے بیچارہ غلطی کر بیٹھا، راجپال یادو کے قریبی دوست کا انکشاف

image

بھارتی فلم ساز پریا درشن نے معروف بھارتی اداکار راجپال یادو کی جیل سزا سے متعلق قریبی دوست نے اہم انکشاف کردیا ہے۔

راجپال یادو حال ہی میں چیک باؤنس کیس میں رقم کی ادائیگی کے معاملے پر مشکلات کا شکار ہوئے۔ انہوں نے دہلی کی تہاڑ جیل حکام کے سامنے خود کو سرنڈر کیا، جبکہ جمعرات کو ان کی ضمانت کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔

اس معاملے پر اب فلم ساز پریا درشن نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی آئندہ فلم کے لیے اداکار کی فیس بڑھوانے کی کوشش کی ہے۔ پریا درشن اس وقت اپنی فلم بھوت بنگلہ کی پوسٹ پروڈکشن میں مصروف ہیں۔ وہ ماضی میں راجپال یادو کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کر چکے ہیں، جن میں بھاگم بھاگ، چپ چپ کے اور دے دنا دن شامل ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پریا درشن نے کہا کہ میں راجپال کو 20 برس سے جانتا ہوں۔ میں نے انہیں پہلی بار فلم جنگل میں دیکھا تھاجن کی اداکاری نے مجھے حیران کر دیا تھا۔ ان کے ساتھ میری پہلی فلم مالا مال ویکلی تھی، اور اس کے بعد وہ میری زیادہ تر فلموں میں شامل رہے ہیں۔

پریا درشن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی اگلی فلم کے پروڈیوسرز جُبلی فلمز سے کہا ہے کہ وہ راجپال کو ان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر معمول سے زیادہ معاوضہ دیں۔ ہم انہیں بچانا چاہتے ہیں۔ میری فلم میں راجپال ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اداکار کے مسئلے کا علم تھا، اسی لیے میں ہر فلم میں انہیں سائن کرتا رہا۔ میں نے انہیں اشتہاری فلموں میں بھی آگے بڑھایا۔ بیچارے نے کم تعلیم کی وجہ سے ایک بڑی غلطی کر دی۔ راجپال ایک اچھے دل کے انسان ہیں۔

واضح رہے کہ راجپال یادو پر یہ مقدمہ 2010 سے شروع ہوا تھا، جب اداکار نے دہلی کی کمپنی مُرالی پراجیکٹس پرائیوٹ لمیٹڈ سے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم اتا پتہ لاپتہ کی پروڈکشن کے لیے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا۔

فلم کی تجارتی ناکامی کے باعث انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد مالی تنازع کھڑا ہو گیا۔ 2018 میں ایک مجسٹریٹ عدالت نے قابلِ ادائیگی چیک کی عدم ادائیگی کے جرم میں انہیں نیگوشی ایبل انسٹرومنٹس ایکٹ کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی، جسے 2019 میں سیشنز عدالت نے بھی برقرار رکھا۔ واجب الادا رقم بعد ازاں بڑھ کر تقریباً 9 کروڑ روپے تک جا پہنچی۔

راجپال یادو کی گرفتاری کی خبر منظرعام پر آنے کے بعد بالی وڈ سے وابستہ شخصیات نے ان کی حمایت کا اعلان کیا۔ بھارتی اداکار سونو سود سب سے پہلے مدد کی پیشکش کرنے والوں میں شامل تھے، جبکہ گرمیت چودھری، گرو رندھاوا اور میکا سنگھ بھی مالی معاونت کی پیشکش کرچکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US