بالی ووڈ انڈسٹری کے سپر اسٹار سلمان خان کے والد سلیم خان میں بلڈ کلاٹ بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلیم خان کو منگل روز 17 فروری کو اچانک طبعیت ناسازی کے باعث اسپتال لے جایا گیا جس کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق انہیں ممبئی کے معروف لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جس دوران سلمان خان کو بھی اپنے والد کے ہمراہ اسپتال پہنچتے ہوئے دیکھا گیا۔ سلمان کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد بشمول الویرا اگنی ہوتری اور آیوش شرما سمیت کئی قریبی رشتہ دار بھی وہاں موجود تھے۔
سلمان خان کے اہلخانہ کی طرف سے سلیم خان کی طبیعت سے متعلق باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم رپورٹس میں بتایا گیا کہ سینئر اسکرین رائٹر کو آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی صحافی وکی لالوانی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سلیم خان کو خون کا لوتھڑا (بلڈ کلاٹ) تشخیص ہوا ہے۔ اس وقت وہ آئی سی یو میں زیرِ نگرانی ہیں اور ان کی طبی حالت فی الحال مستحکم بتائی گئی ہے۔
وکی لالوانی کی انسٹاگرام پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ سلیم خان کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل شدید چکر آ رہے تھے، جس کے بعد سلمان خان اور خاندان کے دیگر افراد انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال لے گئے۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ خبر سامنے آنے سے قبل سلیم صاحب آئی سی یو میں تھے اور ان کے وائیٹل پیرامیٹرز مستحکم تھے۔
خیال رہے کہ سلیم خان اپنی شاندار تخلیقی شراکت داری کے لیے معروف ہیں جو انہوں نے معروف شاعر و اسکرین رائٹر جاوید اختر کے ساتھ قائم کی۔ سلیم-جاوید کے نام سے مشہور اس جوڑی نے 1970 کی دہائی کی ہندی سنیما کو نئی جہت دی۔
ان کی یادگار فلموں میں کرانتی، تریشول، شعلے، دیوار، زنجیر سیا اور گیتا اور ڈان فرنچائز شامل ہیں۔ سلیم خان نے 24 نومبر 2025ء کو اپنی 90 ویں سالگرہ منائی تھی۔