سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ جاری تنازع کے بعد ان سے معافی مانگ لی۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب عتیقہ اوڈھو نے کہا تھا کہ فہد مصطفیٰ کو نوجوان لڑکیوں کے ساتھ کام کرنے کی بجائے اپنی عمر کی خواتین کو ترجیح دینی چاہیے۔ اس پر فہد مصطفیٰ برہم ہو گئے اور جواب دیا کہ عتیقہ آپا کیا بات ہے؟ وہ صرف اس وقت خوش ہوں گی جب ہم ان کے ہیرو بنیں گے؟
اب عتیقہ اوڈھو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ساتھ جینا ایک نیا تجربہ ہے۔ میرے حالیہ بیان سے شاید فہد مصطفیٰ کو تکلیف پہنچی اور انہوں نے جذباتی طور پر ردعمل دیا۔ اگر میں نے غیر ارادی طور پر کسی کو بھی دکھ پہنچایا ہو تو میں معافی مانگتی ہوں۔ دوستو آئیے اس مسئلے کو بڑھا چڑھا کر نہ دیکھیں اور آگے بڑھیں۔ فہد ایک باصلاحیت اور محنتی پروفیشنل ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے عتیقہ اوڈھو کی معافی کو سراہا اور انہیں 'لیجنڈ' قرار دیا۔ فینز نے کہا کہ عتیقہ نے اپنے رویے میں عظمت اور وقار دکھایا جبکہ بہت سے صارفین دونوں اداکاروں کے رویوں کا تقابل بھی کر رہے ہیں۔