پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے حالیہ گفتگو میں اپنے گھر میں کام کرنے والی خواتین کے حوالے سے ایک اہم اور دل کو چھو لینے والا بیان دیا ہے جسے سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
منیب بٹ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے گھر میں کام کرنے والی خواتین ان کے لیے بہنوں کی طرح ہیں اور وہ عزت اور وقار کی مستحق ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جو خواتین اپنے گھروں کو چھوڑ کر دوسروں کے گھروں میں کام کرنے آتی ہیں، انہیں احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔
اداکار نے ایک واقعہ سنایا کہ ان کے پڑوسی نے ایک کمسن گھریلو ملازمہ کے ساتھ بدتمیری کی تھی جس نے مجھے آکر بتایا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ میرے گھر میں جو خواتین ماں بیٹی کام کریں گی تو وہ میرے گھر کی عزت ہوں گی اور کوئی باہر والا بدتمیزی کرے گا تو اسے میرا سامنا کرنا پڑے گا۔
اداکار کے ان جذباتی اور بامعنی الفاظ نے آن لائن صارفین کو متاثر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے ان کے پیغام کو سراہتے ہوئے اسے روزمرہ زندگی میں نرمی، احترام اور قدردانی کی ایک اہم یاددہانی قرار دیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ معاشرے میں گھریلو ملازمین کے ساتھ حسنِ سلوک اور عزت کا رویہ اپنانا نہایت ضروری ہے، اور منیب بٹ کا بیان اسی شعور کو اجاگر کرتا ہے۔